آئیں ، سب سے پہلے بجلی کی کچھ اصطلاحات کے بارے میں جان لیں ۔
کرنٹ :
بجلی کی دھاتی تار یا بجلی کے کسی آلے میں سے الیکٹران کے گزرنے کو کرنٹ کا گزرنا کہتے ہیں ۔ اور الیکٹران ، مادے کے سب سے چھوٹے ذرے (ایٹم) کے ایک حصے کو کہا جاتا ہے ۔ کرنٹ کو ماپنے کا پیمانہ ، ایمپیئر ہے ۔ اور اسے "A" سے ظاہر کیا جاتا ہے ۔ مثال کے طور پہ ، ایک عام کپڑوں والی استری سے ، آن حالت میں ، تقریبا ساڑھے چار ایمپیئر کرنٹ گزرتا ہے ۔ 4.545A
وولٹیج :
بجلی کی کسی تار یا آلے میں سے ، کرنٹ گزارنے کے لئے ، الیکٹرانز پر جو برقی دباؤ ڈالنا پڑتا پڑتا ہے ۔ اسے وولٹیج کہا جاتا ہے ۔ وولٹیج کو ماپنے کا پیمانہ ، وولٹ ہے ۔ اور اسے " V " سے ظاہر کیا جاتا ہے ۔ہماری گھریلو بجلی کی تاروں میں ، عموماً 220 وولٹ کا دباو ہوتا ہے ۔ (220V)
بجلی کا آلہ :
کوئی بھی ایسی چیز یا مشین ، جو بجلی خرچ کرکے ، آپ کا کوئی مفید کام کر دے ، اسے بجلی کا آلہ یا Electrical Equipment کہا جاتا ہے ۔ مثلا بلب ، پنکھا ، استری ، مائیکرو ویو اوون ، فریج ، ہیٹر ، پانی کی موٹر وغیرہ ۔
پاور :
عام گھریلو معاملات تک رہیں تو کرنٹ اور وولٹیج کا حاصل ضرب ، پاور کہلاتا ہے ۔ پاور کو ماپنے کا پیمانہ ، " واٹ " ہے ۔ اگر واٹ کی ویلیو کو 1000 سے تقسیم کر دیا جائے ، تو جواب ، کلو واٹ میں ہوگا ۔
اگر ہم ایک برقی استری کی مثال ہی لے لیں تو ، اس کے ۔۔۔
ایمپیر = 4.545 A
وولٹ = 220 V
پاور = 4.545 ضرب 220 = 1000 واٹ
= 1 کلوواٹ۔
یعنی ہماری اس برقی استری کی پاور ، ایک ہزار واٹ یا ایک کلوواٹ ہے ۔
انرجی :
کسی بھی آلے کی پاور اور اس کے آن رہنے والے وقت کے حاصل ضرب کو ، انرجی کہا جاتا ہے ۔ اگر ہم پاور کو ، کلوواٹ میں لیں ، اور وقت کو گھنٹوں میں ، تو انرجی کو ، کلوواٹ آور (Kilowatt Hour) میں لکھا جائے گا ۔ کلوواٹ آور ، کو عام طور پر " برقی یونٹ " یا صرف یونٹ کہا جاتا ہے ۔ ہمارے گھروں کے باہر لگا بجلی کا میٹر ، خرچ شدہ بجلی کے یونٹ کی ریڈنگ دیتا ہے ۔ کہ ایک ماہ کے دوران ہم نے کتنے یونٹ الیکٹریکل انرجی خرچ کی ۔
سنگل فیز سپلائی :
اگر بجلی کے میٹر سے نکل کر آپ کے گھر میں آنے والی تاروں کی تعداد 2 ہے ، تو اس کا مطلب ہے ، آپ کے گھر میں بجلی کی سنگل فیز سپلائی آ رہی ہے ۔ ان دو تاروں میں سے ایک تار کو ، بغیر حفاظتی انتظامات کےچھونے سے ہمیں بجلی کا زوردار جھٹکا لگے گا ، جو خدانخواستہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے ۔ اس تار کو ، " فیز کی تار" یا گرم تار کہا جاتا ہے ۔ دوسری تار کو چھونے سے جھٹکا نہیں لگتا ، یا بہت معمولی سا لگ سکتا ہے ، اسے " نیوٹرل کی تار " ، یا ٹھنڈی تار کہا جاتا ہے ۔ ان دونوں کی پہچان کے لئے ، پیچ کس نما ایک اوزار استعمال کیا جاتا ہے ، جسے ٹیسٹر Tester کہا جاتا ہے ۔
تھری فیز سپلائی :
اگر بجلی کے میٹر سے نکل کر آپ کے گھر میں آنے والی تاروں کی تعداد 4 ہے ، تو اس کا مطلب ہے ، آپ کے گھر میں بجلی کی تھری فیز سپلائی آ رہی ہے ۔ ان چار میں سے تین تاریں ، فیز کی ہوتی ہیں ، اور ایک نیوٹرل کی ۔
© اگر آپ تسلی کروا لیں کہ بجلی کے جس ٹرانسفارمر سے ، آپ کے گھر میں بجلی آ رہی ہے ، اس کا نیوٹرل پوائینٹ اچھی طرح سے زمین کے اندر تک دبایا گیا ہے (ارتھ کیا گیا ہے) ، تو آپ کے گھر میں ، کبھی ایسا نہیں ہوگا کہ کسی وقت اتنے زیادہ وولٹیج آجائیں کہ آپ کا بہت سا قیمتی سامان ، ایک دم سے ، اکٹھا ہی جل جائے ۔
© اگر آپ کے گھر میں تھری فیز سپلائی آ رہی ہے ، تو پاکستان میں رہتے ہوئے ، شام چھ بجے سے لے کر رات گیارہ بجے کے دوران ، بجلی کم سے کم استعمال کریں ، کیونکہ اس دوران ، بجلی کا فی یونٹ ریٹ ، نارمل ریٹ سے کہیں زیادہ ہوتا ہے ۔ بہتر ہوگا کہ اس دوران ، بجلی کی استری ، واشنگ مشین ، پانی کی موٹر اور ایرکنڈیشنرڈ کا استعمال نہ کریں ۔
© عام بلب کے مقابلے میں ایل۔ ای۔ ڈی بلب بہت ہی کم انرجی خرچ کرتے ہیں ۔ لہذا ہر طرح کے پرانے تار والے بلب ، ٹیوب ، اور انرجی سیور بلب اتروا کر ، صرف ایل۔ ای۔ ڈی۔ بلب لگوائیں ۔ اس سے بھی آپ کا بجلی کا بل ، کچھ کم آئے گا ۔
© پرانے اور سستے پنکھے ، 150 سے 250 واٹ تک پاور کے ہوتے ہیں ۔ انہیں اتروا کر ، نئے انرجی ایفیشینٹ پنکھے لگوائیں ۔ جو کہ 80 واٹ یا اس سے بھی کم پاور کے ہوتے ہیں ۔
ہمارے گھر کا ایک پنکھا, اگر ہر روز اوسطاً 16 گھنٹے چلے ، اور پرانا پنکھا 200 واٹ کا ہو تو مہینے کے ۔۔۔
200x16x30/1000=96 units
96 یونٹ خرچ ہونگے ۔ آج کل ہمیں تقریبا 50 روپے کا ایک یونٹ ملتا ہے ۔ تو صرف ایک پنکھے کا ماہانہ بل ، 4800 روپے بن جائے گا ۔
اس کے مقابلے میں ، 80 واٹ کے ، Energy Efficient پنکھے کا بل ،
80x16x30/1000=38.4units
38.4x50=RS: 1920
یعنی ، صرف ایک انرجی ایفیشینٹ پنکھے کی مدد سے آپ ، 2880 روپے ہر ماہ بچا سکتے ہیں ۔
لیکن اگر آپ کا موجودہ پنکھا 150 واٹ کا ہے تو بھی آپ ہر ماہ اپنے بجلی کے بل کو ، 1680 روپے ، کم کروا سکتے ہیں ۔
یعنی ایل۔ای۔ڈی۔ بلب یا نیا انرجی ایفیشینٹ پنکھا لگوانے سے ، آپ کی خرچ کی گئی رقم ، چند ہی ماہ میں پوری ہو جائے گی ۔ اور اس کے بعد آنے والے ہر ماہ ، آپ کو ایک بڑی مناسب سی بچت ہوتی رہے گی ۔
یہی معاملہ ایرکنڈشنر کا بھی ہے ، اگر آپ ونڈو ٹائپ یا عام سپلٹ یونٹ اتروا کر بیج دیں اور اس کی جگہ انورٹر ٹائپ اے ۔ سی لگوا لیں تو اس سے بھی آپ کو ایسے ہی فواید حاصل ہو جائیں گے۔

Comments
Post a Comment